گورنر پنجاب نے ایچی سن کالج میں احسن جاوید سائنس انوویشن سنٹر کا افتتاح کردیا

05-28-2023

(لاہور نیوز) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے ایچی سن کالج میں احسن جاوید سائنس انوویشن سنٹر کا افتتاح کر دیا۔

پرنسپل ایچی سن کالج مائیکل تھامسن نے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کو احسن جاوید سائنس انوویشن سنٹر کا تفصیلی دورہ کروایا، اس موقع پر صدیق بھٹی،سید بابر علی،میاں احسن،میاں طلعت، طلبہ اور اساتذہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔ پرنسپل ایچی سن کالج تھامسن مائیکل نے بتایا کہ بلڈنگ کو دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق بنایا گیا ہے تاکہ طلبہ کو جدید سائنسی علوم سے آراستہ کیا جا سکے۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ایچی سن کالج ایک تاریخی اور قدیم تعلیمی درسگاہ ہے، یہاں کے فارغ التحصیل طلبہ مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سر انجام دے رہے ہیں، ملک کی کئی نامور شخصیات نے اس ادارے سے تعلیم حاصل کی۔ انہوں نے کہا  ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو سائنسی تعلیم کے ساتھ ساتھ اسلامی تعلیمات سے بھی روشناس کروانا ہے، اساتذہ تعلیمی اداروں میں بچوں کی کردار سازی اور اخلاقی تربیت پر خصوصی توجہ دیں، تعلیمی ادارے ایسے درخشاں ستارے پیدا کریں جو علامہ اقبال کے افکار کے مطابق جرات مند اور اعلی اخلاقی اقدار کا نمونہ ہوں۔ گورنر پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ نوجوانوں میں مثبت سوچ پیدا کرنا بہت ضروری ہے۔