زندہ قومیں اپنے شہدا کو ہمیشہ عزت و تکریم کیساتھ یاد رکھتی ہیں، چیف سیکرٹری پنجاب

05-25-2023

(لاہور نیوز) یوم تکریم شہدا پاکستان کے موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب زاہد زمان نے میجر شبیر شریف شہید (نشان حیدر) کے مزار پر حاضری دی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنرلاہور رافعہ حیدر بھی موجود تھیں۔ چیف سیکرٹری زاہد زمان نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ چیف سیکرٹری نے شہدا، انکے قابل فخر خاندانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ چیف سیکرٹری کا کہنا تھا زندہ قومیں اپنے شہدا کو ہمیشہ عزت و تکریم کیساتھ یاد رکھتی ہیں۔ آج کے دن ہم اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ شہدا اور انکے خاندانوں کو شایان شان عزت و تکریم دیں گے۔ شہید کے مزار پر حاضری میرے لئے اعزاز ہے۔ آج پوری قوم شہدا اور انکے خاندانوں کو انکی عظیم قربانیوں کے اعتراف میں خراج عقیدت پیش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا وطن کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والوں نے جرات و بہادری کی تاریخ رقم کی۔ ارض پاک کی حفاظت اور امن کیلئے پاک فوج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں نے اپنی جانیں قربان کیں۔ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں۔ ملک و قوم شہدا کے قیمتی خون کے مقروض ہیں۔ قوم کو شہدا کی عظیم قربانیوں پر فخر ہے۔