سابق صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد کی طبیعت ناساز، ہسپتال میں طبی معائنہ

05-14-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما و سابق صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی طبیعت ناساز ہو گئی جن کا ہسپتال میں طبی معائنہ کیا گیا۔

ڈاکٹر یاسمین راشد کو طبیعت خراب ہونے پر دوسرے گیٹ کچا جیل روڈ سے سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا۔ پی ٹی آئی رہنما کو تاحال کسی وارڈ میں ایڈمٹ نہیں کیا جا سکا، ہسپتال انتظامیہ ذرائع نے بتایا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد ایم ایس آفس میں موجود ہیں، جہاں ان کا طبی معائنہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر یاسمین راشد کے خون کے نمونے لئے گئے ہیں، خون کے نمونے بلڈ پریشر، شوگر سمیت دیگر ٹیسٹوں کیلئے لئے گئے ہیں، ٹیسٹوں کی رپورٹ آنے کے بعد ان کو ایڈمٹ یا ڈسچارج کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق ڈاکٹر یاسمین راشد کی حالت خطرے سے باہر ہے، واضح رہے کہ عدالتی حکم کے باوجود یاسمین راشد کو تاحال رہائی نہیں مل سکی۔ ڈی آئی جی انوسٹی گیشن پولیس ٹیم کے ساتھ سروسز ہسپتال پہنچ گئے، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن متعلقہ ڈاکٹرز سے ڈاکٹر یاسمین راشد کی طبیعت کے بارے میں معلومات لیں۔