شہباز شریف قومی مجرموں کا سردار، ہمیشہ جھوٹ بولا، یاسمین راشد

04-27-2023

(لاہور نیوز) پاکستان تحریک انصاف وسطی پنجاب کی صدر ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ شہباز شریف قومی مجرموں کا سردار ہے، اس نے ہمیشہ قوم سے جھوٹ بولا۔

پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب کی صدر سے پارٹی دفتر جیل روڈ میں مختلف رہنماؤں نے ملاقاتیں کیں، پی ٹی آئی رہنماؤں نے انتخابی مہم کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ شہباز سرکار کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے ملک دن بدن بحرانوں میں دھنستا جا رہا ہے، شہباز شریف کی قیادت میں قومی لٹیرے سپریم کورٹ پر حملہ آور ہیں، بلاول زرداری ملکی اداروں کی تذلیل اور آئین شکنی کرنے میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی لٹیرے ایک دوسرے کو بچانے میں لگے ہیں، ملک کی تباہی کے اصل ذمہ دار نواز شریف، آصف زرداری اور فضل الرحمان ہیں۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت اگر ایک دن الیکشن کرانا چاہتی ہے تو فوری طور پر قومی اسمبلی ختم کرے، شوباز شریف اپنی تمام ناکامیوں کا ملبہ عمران خان پر مت ڈالیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ امپورٹڈ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ملک کا دیوالیہ نکل گیا ہے، اس موقع پر عظیم نوری گھمن، ڈاکٹر عظیم الدین لکھوی سمیت دیگر سابق اراکین قومی اسمبلی موجود تھے۔