چینی اور گندم کی ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے لیے شہر میں 17 چیک پوسٹیں قائم
04-18-2023
(لاہور نیوز) چینی اور گندم کی ذخیرہ اندوزی، سمگلنگ کی روک تھام کے لیے شہر میں 17 چیک پوسٹیں قائم کر دی گئیں۔
ذخیرہ اندوزی کے خلاف کریک ڈاؤن کے لیے سپیشل برانچ کے ساتھ مشترکہ لائحہ عمل تیار کر لیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں سپیشل ٹیمیں خفیہ اطلاع پر فوری ایکشن لیں گی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر کی سربراہی میں اجلاس ہوا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے ایکشن پلان پر بریفنگ دی۔ ڈی سی لاہور نے کہا سمگلنگ کی روک تھام کے لیے چیک پوسٹیں 24 گھنٹے فعال رہیں گی۔ تحصیل سٹی میں 4، ماڈل ٹاؤن میں 2، رائے ونڈ میں 4 گندم چینی چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں۔ تحصیل کینٹ میں 4، شالیمار میں 3 گندم چینی چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں۔ رافعہ حیدر نے کہا رجسٹرڈ ڈیلرز چینی خرید کا ریکارڈ حکومت پنجاب کی ایپلیکیشن پر اپ لوڈ کرنے کے پابند ہیں۔ رجسٹرڈ ڈیلرز کی چینی کا ریکارڈ بھی آن لائن نہ ہوا تو تمام چینی ضبط کر لی جائے گی۔ رجسٹرڈ ڈیلرز کے علاوہ جہاں بھی چینی پڑی ہو گی ضبط کر لی جائے گی۔ ذخیرہ اندوزوں کا سٹاک ضبط، سخت قانونی ایکشن لیا جائے گا۔