بھارتی کرکٹ ٹیم پاکستان کیوں نہیں آئی ؟عمران نذیر نے حقیقت سے پردہ اٹھا دیا

03-25-2023

( لاہورنیوز ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق اوپنر عمران نذیر کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اس وقت سکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ، بھارت کی ٹیم پاکستان سکیورٹی کی وجہ سے نہیں بلکہ شکست کے خوف سے نہیں آتی۔

پاکستان میں ہونے والے ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں تاحال بھارتی ٹیم کی شرکت مشکوک ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیا کپ کے میچ کسی نیوٹرل وینیو پر کھیلے جائیں گے۔ایک انٹرویو کے دوران عمران نذیر کا کہنا تھا کہ جب بھارت کو پاکستان میں شکست کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو بھارت کے عوام آپے سے باہر ہو جاتے ہیں اور بھارتی ٹیم کے خوفزدہ ہونے کی اصل وجہ یہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ابھی حال ہی میں متعدد ٹیمیں پاکستان کا دورہ کرچکی ہیں حتیٰ کہ آسڑیلوی ٹیم بھی یہاں آچکی ہے لہٰذا سکیورٹی تو صرف ایک بہانہ ہے اور سچ یہ ہے کہ بھارتی ٹیم شکست کے خوف سے پاکستان نہیں آتی۔واضح رہے کہ عمران نذیر سابق پاکستانی کرکٹر ہیں جنہوں نے 1999 سے 2012 کے درمیان 8 ٹیسٹ، 79 ون ڈے اور 25 ٹی20 انٹرنیشنل میچز میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی اور وہ بڑے پیمانے پر ایک ہارڈ ہٹر اوپننگ بلے باز کے طور پر جانے جاتے ہیں۔