پی ٹی آئی کا جلسہ، پنجاب حکومت نے تھریٹ الرٹ جاری کر دیا

03-25-2023

(لاہور نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مینار پاکستان لاہور میں شیڈول جلسے کے حوالے سے نگران پنجاب حکومت نے تھریٹ الرٹ جاری کر دیا۔

تھریٹ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ دہشتگرد دھماکا خیز مواد کے ساتھ لاہور پہنچ چکے ہیں، دہشتگردوں کی جانب سے سیاسی جلسے یا جلوس کی سکیورٹی پر تعینات قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ اپنے ایک بیان میں نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے رکاوٹیں کھڑی کرکے لوگوں کو جلسے میں جانے سے نہیں روکنے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے لاہور میں جلسہ گاہ کو جانے والے راستے بند نہیں کیے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی اجتماعات کی صورت میں دہشت گردی کے خطرات بڑھ جاتے ہیں، قانون نافذ کرنے والےاداروں کی جانب سے شہریوں کو تحفظ دینے کیلئے چیکنگ کی جا رہی ہے، تھریٹ الرٹ جاری ہونے کے بعد مخصوص مقامات پر سکیورٹی خدشات کے پیش نظر کچھ کنٹینرز لگائے گئے ہیں۔