مینار پاکستان تقریر کے اہم نکات تیار، عمران خان کی جانب سے اہم اعلانات متوقع

03-25-2023

(لاہور نیوز)پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس میں مینار پاکستان تقریر کے اہم نکات تیار کر لئے گئے ہیں جبکہ عمران خان کی جانب سے آج مینار پاکستان میں اہم اعلانات متوقع ہیں۔

تفصیلات کےمطابق عمران خان اپنی تقریر میں الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب کے انتخابات ملتوی کئے جانے پر سخت ردعمل کا اظہار کریں گے، عمران خان اپنی تقریر میں حکومت کی جانب سے عدلیہ کے خلاف چلائی جانے والی مہم کا بھی موثر جواب دیں گے جبکہ عمران خان اپنے قتل کی سازش کے پس پردہ حقائق بھی قوم کے سامنے رکھیں گے۔ عمران خان کا مینار پاکستان خطاب میں ملک بھر میں جلسے جلوس اور ریلیوں کے اعلان کا بھی امکان ہے چیئر مین پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے قائم کئے گئے مقدمات بارے بھی قوم کو آگاہ کریں گے جبکہ زمان پارک میں ہونے والے پولیس آپریشن کے حوالے سے بھی اظہار خیال کریں گے۔