پاکستان تحریک انصاف کا مینار پاکستان میں جلسہ، تفصیلات سامنے آ گئیں

03-25-2023

(لاہور نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے آج مینار پاکستان میں ہونے والے جلسے کی تفصیلات سامنے آ گئیں۔

مینار پاکستان کے سامنے جلسہ گاہ اور پنڈال سجایا گیا ہے۔ پی ایچ اے انتظامیہ کا کہنا ہے پارک کے 12 ایکڑ رقبے پر پنڈال سجایا گیا ہے۔ پارک میں کارکنان کے بیٹھنے کے لئے چودہ ہزار کرسیاں لگائی جا سکتی ہیں۔ گریٹر اقبال پارک مینار پاکستان کا کل رقبہ 125 ایکڑ ہے۔ مینار پاکستان کے کل 125 ایکڑ رقبے میں سے 12 ایکڑ رقبے پر کرسیاں لگائی گئی ہیں۔ بارہ ایکڑ رقبے میں چودہ ہزار کرسیاں لگانے کی ہی گنجائش ہے۔ مینار پاکستان کے عقب کو مکمل طور خالی رکھا گیا ہے۔ مینار پاکستان کے دائیں اور بائیں جانب کے ایریا کو بھی پنڈال کا حصہ نہیں بنایا گیا۔ مینار پاکستان کے احاطے میں عوام کا ہجوم اکٹھے نہیں ہونے دیا جائے گا۔   انتظامیہ کے مطابق پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکنان گریٹر اقبال پارک کے گراؤنڈز میں رہیں گے۔ گریٹر اقبال پارک کے دروازوں میں سے دو دروازے جلسے کے شرکاء کے لیے کھولے جائیں گے۔ گیٹ نمبر چار اور گیٹ نمبر پانچ سے کارکنان کو پارک میں داخلے کی اجازت ہو گی۔ پارک کا گیٹ نمبر چار اور پانچ آزادی چوک فلائی اوور کے سامنے ہیں۔ پارک کے گیٹ نمبر تین اور چار کو وی وی آئی پی لوگوں کے داخلے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ گریٹر اقبال پارک کے گیٹ نمبر ایک اور چار کو مکمل طور پر بند رکھا جائے گا۔ پی ٹی آئی کے جلسے میں گریٹر اقبال پارک میں نیشنل ہسٹری میوزیم بند رہے گا۔ پی ٹی آئی جلسہ کو سرکاری طور پر الیکٹرسٹی فراہم  نہیں کی جائے گی۔ جلسے کے دن پارک کے اندر عوام کو پارکنگ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ پارک میں شرکت کے لئے آنے والوں کے لیے آزادی چوک اور ملحقہ سڑکوں پر پارکنگ فراہم کی جائے گی۔ 130 اہلکار سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔