حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے کوشاں ، ایک شخص سول وار چاہتا ہے، مریم اورنگزیب

03-24-2023

(ویب ڈیسک) وفاقی وزیراطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے کوشاں ہے جبکہ ایک شخص ملک میں سول وار اور انارکی چاہتا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ معاشی مسائل کے باوجود وزیراعظم عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لیے دن رات کوشاں ہیں، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ڈیٹا کو استعمال کرتے ہوئے آٹے کی مفت فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ مریم اورنگزیب نے بتایا کہ اب تک 42 لاکھ افراد کو مفت آٹے کے تھیلے تقسیم کیے جا چکے ہیں، مفت آٹے کی تقسیم میں شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے، مفت آٹے کی تقسیم کا سلسلہ خیبرپختونخوا میں بھی جاری ہے، عوام کی فلاح وبہبود وزیر اعظم شہباز شریف کی ترجیح ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سابق حکومت میں چینی، آٹا چوری کیا گیا، سابق حکومت خزانے کو خالی کر کے گئی، معاشی مشکلات کے باوجود مفت آٹے کی تقسیم کو تمام صوبوں میں یقینی بنایا جائے گا، بہت جلد بلوچستان اور سندھ میں بھی آٹے کی تقسیم شروع ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ شخص ملک میں سول وار، انارکی چاہتا ہے، سستا پٹرول کے میکنزم کو فائنل کر لیا گیا ہے، سستا پٹرول کی سکیم جلد شروع ہو جائے گی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم نے قصور اور لاہور میں مفت آٹے کی تقسیم کے مراکز کا اچانک دورہ کیا، وزیراعظم نے بزرگ شہریوں اور عوام سے مسائل بارے دریافت کیا، وزیراعظم کی طرف سے رمضان المبارک میں عوام کو مفت آٹے کی فراہمی تاریخی اقدام ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نوازشریف دور میں عوام کو آٹا اور چینی سستے داموں فراہم کیے جاتے تھے، پی ٹی آئی دور میں عوام پر مہنگائی کے پہاڑ توڑے گئے۔