پنجاب یونیورسٹی کالج آف سٹیٹسٹکل سائنسز کے زیر اہتمام پروفیسر ڈاکٹر شاہد کمال کی یاد میں تعزیتی ریفرنس

03-22-2023

(لاہور نیوز) پنجاب یونیورسٹی کالج آف سٹیٹسٹکل سائنسز کے زیر اہتمام پروفیسر ڈاکٹر شاہد کمال کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

وائس چانسلر یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر سید منصور سرور کی شرکت ہوئی۔ اجلاس میں کالج پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سہیل چاند ، صدر اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن ڈاکٹر اظہر نعیم ، ڈینز، ڈائریکٹرز،فیکلٹی ممبران اور ملازمین کی شرکت ہوئی۔ اجلاس میں مرحوم کی تعلیمی میدان میں خدمات کو سراہا گیا۔ تعزیتی ریفرنس میں ڈاکٹر شاہد کمال مرحوم کے درجات بلندی کے لیے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔ ڈاکٹر منصور سرور کا کہنا تھا ڈاکٹر شاہد کمال محبت کرنے والے انسان تھے۔ ڈاکٹر شاہد کمال اپنے ساتھیوں کی ہمیشہ حوصلہ افضائی کرتے تھے ۔ ڈاکٹر شاہد کمال نے جونیئرز کے ساتھ کبھی باس والا رویہ نہیں اپنایا۔ ڈاکٹر سہیل چاند کا کہنا تھا ڈاکٹر شاہد کمال محنتی انسان اور ہمہ گیر شخصیت کے مالک تھے۔ انہوں نے شعبہ شماریات اور کالج کی ترقی کے لئے قابل ستائش کام کیے۔ ڈاکٹر اظہر نعیم نے اس موقع پر کہا ڈاکٹر شاہد کمال شہید ہیں۔ ڈاکٹر شاہد ایماندار، خوش اخلاق انسان تھے۔ ڈاکٹر شاہد کمال کی رہنمائی میں بہت کچھ سیکھا اور کامیابی سمیٹی۔ پنجاب یونیورسٹی کے انفراسٹرکچر میں بہتری کا کریڈٹ ڈاکٹر شاہد کمال کو جاتا ہے۔ ڈاکٹر زوار نے کہا شاہد کمال سے اکتیس سال تعلق رہا، لیکن اختلافات نہیں ہوئے۔ ہم ایک مخلص دوست، رہنما سے محروم ہو گئے۔ ڈاکٹر ممتاز انور چوہدری نے کہا ڈاکٹر شاہد کمال ایک اچھے استاد، ماہر تعلیم اور خدمت خلق کرتے تھے۔ انہوں نے مشکل فیصلے بھی بہترین انداز میں کئے۔ یونیورسٹی کے معاشی مسائل کو حل کرنے میں کردار ادا کیا۔ اس موقع پر بیٹی تانیہ کمال کا کہنا تھا ڈاکٹر شاہد کمال بہت پیار کرنے والے تھے جبکہ بھائی ڈاکٹر فرخ کمال نے کہا شاہد کمال میرے دوست، بھائی اور والد کے درجات پر تھے۔ میرے ابو کی طرح ڈاکٹر شاہد بھی اچھے استاد تھے۔ جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کی طرف سے مرحوم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے بھی ڈاکیومنٹری پیش کی گئی۔