میاں میر ہسپتال لاہور میں ہفتہ صحت کا افتتاح کر دیا گیا

03-20-2023

(لاہور نیوز) صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر کی ہدایت پر میاں میر ہسپتال لاہور میں ہفتہ صحت کا افتتاح کر دیا گیا۔

سپیشل سیکرٹری صحت عمارہ خان نے ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر الیاس گوندل کے ہمراہ ہفتہ صحت کا افتتاح کیا۔ سپیشل سیکرٹری عمارہ خان نے مختلف بیماریوں کی سکریننگ کے لئے لگائے گئے کیمپوں میں طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ ہیلتھ ویک صوبہ بھر میں تین دن 20 سے 22 مارچ تک جاری رہے گا۔ عمارہ خان کا کہنا ہے 295 ہیلتھ فیسلیٹیز میں 4 لاکھ مریضوں میں 8 بیماریوں کی سکریننگ کی جارہی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر 26 ڈی ایچ کیو، 125 ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں مختلف بیماریوں کی سکریننگ کے لئے کیمپ لگا دیے گئے ہیں۔ 108 رورل ہیلتھ سنٹرز اور 36 بنیادی مراکز صحت میں بھی سکریننگ کی جارہی ہے۔ ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر الیاس گوندل کا کہنا تھا ہیپاٹائیٹس بی، سی کی سکریننگ، پی سی آر اور ایچ آئی وی کی ٹیسٹنگ کی جائیگی۔ہیپاٹائیٹس بی کی ویکسینیشن بھی کی جارہی ہے۔ شوگر، بلڈ پریشر، سانس کی بیماری، ٹی بی ٹیسٹ بھی کئے جارہے ہیں۔ تمام سکریننگ کیمپوں میں ٹیسٹنگ اور ادویات کی مفت سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ڈپٹی سیکرٹریز ڈاکٹر سمیرا اور راؤ عالمگیر، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر یداللہ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فیصل اور ایم ایس ڈاکٹر اختر گجر اس موقع پر موجود تھے۔