تحریک انصاف نے مینار پاکستان جلسے کی تاریخ پھر تبدیل کردی

03-19-2023

(لاہور نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے مینار پاکستان پر ہونیوالے جلسے کی تاریخ ایک بار پھر تبدیل کر دی۔

تحریک انصاف کے رہنما امتیاز شیخ نے بدھ کے روز مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت کے لیے ڈی سی لاہور کو خط لکھا ہے۔ خط کے متن میں لکھا گیا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بدھ کے روز  مینار پاکستان گراؤنڈ میں جلسے سے خطاب کریں گے، سابق وزیراعظم کو سکیورٹی تھریٹس ہیں، عمران خان کو  جلسے میں فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے لکھی گئی درخواست میں  ڈی سی لاہور کو تمام شرائط پوری کرنے کا حلف نامہ بھی دیا گیا ہے۔ واضح رہے پاکستان تحریک انصاف نے پہلے پیر کے روز مینار پاکستان جلسے کا اعلان کیا تھا، بعد ازاں شیڈول میں ردوبدل کرتے ہوئے آج صبح جنرل سیکرٹری پنجاب تحریک انصاف حماد اظہر اور وکلاء ونگ کی جانب سے منگل کے روز ضلعی انتظامیہ سے جلسے کی اجازت طلب کی گئی تھی، اب عمران خان نے اپنے خطاب میں بدھ کے روز جلسے کا اعلان کیا اور پی ٹی آئی نے ڈی سی لاہور کو جلسے کی اجازت کے لیے درخواست کی ہے۔