شاہدرہ ملٹی لیول پراجیکٹ، لیسکو تنصیبات کی منتقلی شروع
03-19-2023
(لاہور نیوز) شاہدرہ ملٹی لیول گریڈ سیپریشن پراجیکٹ، ایل ڈی اے نے لیسکو کی تنصیبات کی منتقلی کے لئے کام شروع کر دیا، لیسکو حکام نے 29 اپریل تک بجلی کے شٹ ڈاؤن کا شیڈول بھی دے دیا۔
شاہدرہ ملٹی لیول گریڈ سیپریشن پراجیکٹ میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، ایل ڈی اے نے لیسکو کی تنصیبات کی شفٹنگ کا کام شروع کر دیا ہے، پولز اور لائنوں کی شفٹنگ کے لئے بجلی کے شٹ ڈاؤن کا شیڈول بھی تیار کر لیا گیا ہے،16 سے 18 مارچ تک شرقپور، بیگم کوٹ اور چمن کالونی کے فیڈرز بند رہیں گے،25 مارچ کو رستم، نیو سہراب اور راوی فیڈرز بند ہوں گے جبکہ یکم اپریل، 8، 15 ،22 اور 29 اپریل کو بھی رستم، نیو سہراب اور راوی فیڈرز بند رہیں گے ۔ دوسری جانب ایل ڈی اے نے تعمیراتی کام شروع کرنے سے قبل اراضی کو کلیئر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، شاہدرہ منصوبے کی اراضی پر قائم تعمیرات کو فوری ختم کیا جائے گا، شاہدرہ موڑ کو عمارتوں، عارضی تعمیرات اور تجاوزات تجاوزات سے پاک کیا جائے گا۔ عمارتوں اور تجاوزات کی مسماری پر 24 کروڑ 98 لاکھ روپے خرچ ہوں گے ، ایل ڈی اے کی جانب سے چھ ماہ میں اراضی کو مکمل کلیئر کر دیا جائے گا۔