سی سی پی او کی قلندرز ٹیم کو مبارکباد، لاہور پولیس کو شاباش

03-19-2023

(لاہور نیوز) سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ نے پی ایس ایل 8 کا فائنل جیتنے پر لاہور قلندرز کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام ٹیموں نے پی ایس ایل 8 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے پی ایس ایل 8 کا پرامن انعقاد یقینی بنانے پر لاہور پولیس ، ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر،سی ٹی او مستنصر فیروز اور ایس پی سکیورٹی کو شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ ڈولفن سکواڈ، پیرو، ایلیٹ فورس سمیت لاہور پولیس کے تمام یونٹس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، لاہور پولیس کے افسران اور جوانوں نے دن رات محنت کرکے ٹیموں اور شائقین کی سکیورٹی کو یقینی بنایا۔ بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ لاہور پولیس نے کرکٹ سمیت تمام قومی و بین الااقوامی ایونٹس کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی ہے، پی ایس ایل 8 کی سکیورٹی یقینی بنانے میں سیف سٹیز اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھرپور تعاون کیا، پی ایس ایل 8 کا پرامن انعقاد یقینی بنانے کے لئے شہریوں اور میڈیا کے تعاون کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں۔