لاہور قلندرز کی بیٹنگ مکمل،ملتان سلطانز کو جیت کیلئے 201 رنز درکار

03-18-2023

(لاہور نیوز) پاکستان سپر لیگ 8 کے فائنل میچ میں لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ملتان سلطانز کو ٹائٹل جیتنے کیلئے 201 رنز کا ہدف دے دیا۔

تفصیلات کےمطابق لاہور میں ہونے والے پاکستان سپر لیگ سیزن 8 کے فائنل میچ میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، فخر زمان اور مرزا طاہر بیگ اوپنگ کیلئے آئے تو دونوں نے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپنایا، مرزا طاہر بیگ نے 166 اعشاریہ 67 سٹرائیک ریٹ سے 18 گیندوں پر 30 رنز بنائے اور 38 کے مجموعی سکور پر احسان اللہ کی گیند پر خوشدل شاہ کو کیچ دے بیٹھے۔ فخر زمان کا ساتھ نبھانے عبد اللہ شفیق آئے اور دونوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا مجموعی سکور 95 پر پہنچا دیا اس کے بعد فخر زمان 39 رنز بنا کر اسامہ میر کے ہاتھوں آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے، عبد اللہ شفیق نے مزاحمت جاری رکھی لیکن ان کا ساتھ دینے کیلئے آنے والے سیم بلنگز، احسن بھٹی بھی زیادہ دیر کریز پر موجود نہ رہ سکے اور 111 کے مجموعی سکور پر دونوں آؤٹ ہو گئے۔