زمان پارک میں پولیس کا آپریشن مکمل ، متعدد کارکن گرفتار

03-18-2023

(لاہور نیوز ) سابق وزیراعظم و تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے اسلام آباد روانہ ہونے کے کچھ دیر بعد لاہور میں زمان پارک کی جانب پولیس نے آپریشن شروع کردیا ،پولیس عمران خان کی رہائشگاہ میں داخل ہو گئی۔

‍‍ذرائع کے مطابق پولیس کی بھاری نفری زمان پارک پہنچ چکی  ہے اور پولیس نے پی ٹی آئی کارکنوں کے متعدد خیمے بھی اکھاڑ دیے ہیں ، علاقے میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی گئی ہے ۔  پولیس کی جانب سے قیدیوں کو لے جانے والی وین اور واٹر کینن کو بھی کینال روڈ پر پہنچا دیا گیا جبکہ  زمان پارک میں کرینیں بھی پہنچا دی گئی ہیں،پولیس کا کہنا ہے کہ کارکنان زمان پارک میں واقع گراؤنڈ اور عمران خان کی رہائش گاہ کے قریب کیمپوں میں موجود ہیں۔ پولیس عمران خان کی رہائشگاہ میں گیٹ توڑ کر داخل ہوگئی ہے ، پہلے واٹر کینن نے عمران خان کے گھر میں پانی پھکینا شروع کیا جبکہ کرین کی مدد سے تمام رکاوٹیں ہٹائی جا رہی ہیں۔ یہ بھی پڑھیں: زمان پارک آپریشن، پی ٹی آئی نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی  عمران خان کے گھر میں کارکنوں اور اینٹی رائیٹ فورس کے درمیان شدید تصادم  کے دوران پی ٹی آئی کے 6کارکن زخمی ہوگئے ہیں جبکہ ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا ہے ، پولیس کا کہنا یے کہ عمران خان کے گھر کے اندر سرچ آپریشن کیاجائے گا۔ دوسری جانب تحریک انصاف نے زمان پارک میں پولیس آپریشن کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پی ٹی آئی کے سینئر رہنما فواد چودھری نے لیگل ٹیم کو درخواست کی تیاری کی ہدایت کردی ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کی رہائشگاہ کا آپریشن انسداد دہشتگردی عدالت سے سرچ وارنٹ جاری ہونے کے بعد کیا گیا، سرچ وارنٹ انسداد دہشتگردی کی عدالت کی ایڈمن جج عبہر گل خان نے جاری کیے، پولیس نے زمان پارک سے 16 کارکنان کو حراست میں لیا۔