توشہ خانہ کیس میں پیشی: عمران خان زمان پارک سے چلے گئے

03-18-2023

(لاہور نیوز) توشہ کیس میں پیشی کا معاملہ، چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان زمان پارک سے اسلام آباد چلے گئے۔

ذرائع کے مطابق پارٹی رہنما و کارکنان بھی عمران خان کے ہمراہ موجود ہیں، عمران خان ریلی کی صورت میں اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس میں پیش ہوں گے، عمران خان براستہ موٹروے جوڈیشل کمپلیکس اسلام آّباد پہنچیں گے۔ توشہ خانہ کیس کی سماعت کے حوالے سے پولیس نے سکیورٹی پلان ترتیب دے دیا ہے جس کے مطابق پنجاب پولیس، فرنٹیئر کور ( ایف سی ) اور اسلام آباد پولیس کے اہلکار و افسران ڈیوٹی پر مامور ہوں گے۔ سکیورٹی پلان کے مطابق پنجاب کانسٹیبلری اور پنجاب پولیس کے 350 اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے جبکہ ایف سی کے 350 اہلکار بھی ڈیوٹی پر مامور ہوں گے ، جوڈیشل کمپلیکس کے دونوں اطراف کی سٹرکوں کو بند کر دیا گیا ہے اور تمام زونل ایس پیز کی ڈیوٹی بھی جوڈیشل کمپلیکس میں لگا دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں سابق وزیر اعظم کی جوڈیشل کمپلیکس میں پیشی کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔ ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ دارالحکومت میں دفعہ 144 نافذ العمل ہے، پرائیویٹ کمپنیوں، سکیورٹی گارڈز یا کسی شخص کے اسلحہ لے کر چلنے پر پابندی ہے، گاڑی چلاتے وقت اپنی گاڑی کا ملکیتی ثبوت ساتھ رکھیں، ٹریفک پلان جاری کر دیا گیا ہے، شہری جی 11 ون اور جی 10 ون کی طرف غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔ یاد رہے کہ اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے توشہ خانہ کیس میں فردِ جرم عائد کرنے کے لئے عمران خان کو عدالت طلب کر رکھا ہے ، پی ٹی آئی چیئرمین اس سے قبل 9 جنوری کو پیش نہیں ہوئے تھے اور بعدازاں متعدد بار حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں دائر کیں۔ عدالت نے 31 جنوری کو عمران خان پر فردِ جرم عائد کرنے کیلئے تاریخ مقرر کی تھی بعدازاں سیشن عدالت نے سابق وزیر اعظم کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تاہم اسلام آباد ہائیکورٹ نے وارنٹ معطل کرتےہوئے آج پیش ہونے کا حکم جاری کیا۔