گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے 21 ویں کانووکیشن کا انعقاد

03-17-2023

(لاہور نیوز) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے 21 ویں کانووکیشن کا انعقاد کیا گیا۔ کانووکیشن میں 1984 فارغ التحصیل طلباء و طالبات میں اسناد تقسیم کی گئی۔

کانووکیشن کی تقریب یونیورسٹی کے بخاری آرڈیٹوریم میں منعقد ہوئی۔ ٹاپ پرفارمرز میں میڈلز تقسیم کیے گئے، 23 طلباء کو پی ایچ ڈی کی ڈگریوں سے بھی نوازا جائے گا۔ تقریب کی صدارت وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر اصغر زیدی نے کی اور کانووکیشن میں وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں اولمپیئن اختر رسول، پروڈیوسر/اداکار عثمان پیرزاہ اور میاں مصباح الرحمن نے بھی شرکت کی۔ اختر رسول، عثمان پیرزادہ اور میاں مصباح الرحمن کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے 10 کروڑ روپے فنڈ کا اعلان کیا۔ انکا کہنا تھا تعلیم میں ریسرچ بہت اہمیت کی حامل ہے، کوئی بھی شعبہ ریسرچ کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا، ہمیں اپنی ریسرچ کو مضبوط کرنا ہو گا۔ وفاقی وزیر تعلیم نے جی سی یونیورسٹی میں گزارے ہوئے وقت کے قصے بھی سنائے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی نے بطور وائس چانسلر کیے گئے اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا۔ ساتھ ہی مستقبل کی حکمت عملی بارے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا یونیورسٹی کا نیا کیمپس کالا شاہ کاکو میں فعال ہو چکا ہے جس میں 9 تدریسی شعبہ جات کام کر رہے ہیں۔ طالبات کے لئے نیا گرلز ہاسٹل بھی تیزی سے مکمل ہو رہا ہے۔ سوئمنگ پول کی تعمیر بھی جاری ہے، اگلے سیشن سے پہلے جامع مسجد  بھی مکمل ہو جائے گی۔ کانووکیشن تقریب میں اساتذہ، طلباء و والدین کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔