مریم نواز لاہور پہنچ گئیں، ایئر پورٹ پر ہزاروں کارکن موجود

01-28-2023

(ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کا طیارہ ابوظبی سے لاہور پہنچ گیا ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما اور کارکن بڑی تعداد میں لاہور ایئر پورٹ کے اندر اور باہر موجود ہیں، کارکن مریم نواز کے استقبال کے لیے پہنچے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز شریف کمرشل پرواز میں ابوظبی سے لاہور کے لیے روانہ ہوئیں۔ مریم نواز کی پرواز میڈیکل ایمرجنسی کی بنا پر تاخیر کا شکار ہوئی، پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی پرواز پی کے 264 نے امارات کے مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بجے پاکستان کے لیے روانہ ہونا تھا اور پرواز نے سہ پہر 03:05  پر لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کرنا تھا مگر اسی پرواز میں سوار ایک مسافر محمد ہارون کو دل میں تکلیف کی وجہ سے روانگی روک دی گئی تھی۔ میڈیکل ٹیم نے طیارے میں داخل ہو کر مسافر کا طبی معائنہ کیا اور مزید طبی امداد کے لیے مسافر کو طیارے سے اتار کر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پرواز ایک گھنٹے کی تاخیر سے دوپہر 12 بج کر 54 منٹ پر ابوظبی سے لاہور کے لیے روانہ ہوئی جو ساڑھے 3 بجے لاہور پہنچی۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز کچھ ماہ سے لندن میں قیام پذیر تھیں، ان کی واپسی کے موقع پر استقبال کے لیے مسلم لیگ (ن) کے رہنما قافلوں کی شکل میں لاہور میں موجود ہیں جہاں انہیں ایئرپورٹ سے ریلی کی صورت میں جاتی امرا لایا جائے گا۔