’’جذبہ، ثابت قدمی اور سخت محنت‘‘، حفیظ اور وقار کا ثانیہ کو ریٹائرمنٹ پر خراجِ تحسین

01-28-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ وقار یونس اور سابق کپتان محمد حفیظ نے ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کو شاندار کیرئیر پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وقار یونس نے ثانیہ مرزا کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ثانیہ کے بارے میں جب سوچتے ہیں تو کیا الفاظ ذہن میں آتے ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ جذبہ، ثابت قدمی اور سخت محنتی کے الفاظ میرے ذہن میں آتے ہیں، غیر معمولی کیرئیر پر ثانیہ مرزا کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ساتھ ہی وقار یونس نے ثانیہ کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔ اس کے علاوہ محمد حفیظ نے بھی ثانیہ مرزا کے لیے ٹوئٹ کی اور لکھاکہ شاندار اور متاثر کن کامیاب کیرئیر پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، ساتھ ہی انہوں نے ٹینس سٹار کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔ اس سے قبل شعیب ملک نے بھی اپنی اہلیہ کو سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے خراج تحسین پیش کیا تھا۔ واضح رہے کہ ثانیہ مرزا نے اپنے آخری گرینڈ سلم آسٹریلین اوپن میں شرکت کی جس میں ثانیہ اور ان کے ساتھی روہن بوپنا کو مکسڈ ڈبلز کے فائنل میں شکست ہوئی۔