چیف آرگنائزر (ن) لیگ مریم نواز آج لاہور پہنچیں گی، استقبال کی تیاریاں مکمل

01-28-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز آج دن تین بجے دبئی سے لاہور پہنچیں گی، پارٹی نے ان کے شاندار استقبال کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔

ساڑھے 3 ماہ لندن میں قیام کے بعد ن لیگ کی سینئر نائب صدر آج سہ پہر تین بجے دبئی سے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن ( پی آئی اے ) کی پرواز 264 پر لاہور پہنچیں گی، دبئی سے وطن واپسی پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب بھی ان کے ہمراہ ہونگی۔ ن لیگی رہنما اور کارکنان علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر مریم نواز کا استقبال کریں گے ، جس کے بعد وہ کنٹینر پر بیٹھ کر ایئر پورٹ کے سامنے کارکنوں سے خطاب کریں گی پھر جاتی امراء روانہ ہو جائیں گی جبکہ اس موقع پر کوئی ریلی منعقد نہیں کی جائے گی۔ دوسری جانب مسلم لیگ ( ن ) لاہور کے صدر سیف الملوک کھوکھر نے کہا ہے کہ مریم نواز کے استقبال کے لئے لاکھوں کی تعداد میں کارکن پہنچیں گے جبکہ لیگی رہنما خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ مریم نواز کا استقبال نواز شریف کی وطن واپسی کی ریہرسل ہو گی۔ یاد رہے کہ مریم نواز جمعرات کو لندن سے روانہ ہوئی تھیں اور انہوں نے ایک روز دبئی میں قیام کیا۔