نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا میوہسپتال کا اچانک دورہ

01-27-2023

(ویب ڈیسک) نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی اچانک میو ہسپتال پہنچ گئے, وزیر اعلی نے سرجیکل ٹاور میں زیر علاج گھریلو ملازمہ مریم کی عیادت اورخیریت دریافت کی ۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ محسن نقوی نے گھریلو تشدد کا شکار بچی کو دلاسہ دیا اور انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی، بچی مریم نگران وزیر اعلی محسن نقوی کو تشدد اور آگ لگانے کا واقعہ سناتے رو پڑی، وزیر اعلی محسن نقوی نے بچی مریم کو حوصلہ دیا اور جلد صحت یابی کی دعا کی انہوں  نے بچی سے شفقت کا اظہار کیا اور وعدہ کیا کہ آپ پر ظلم کرنے والے جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔  نگران وزیر اعلی محسن نقوی نے ڈاکٹرز سے مریم کے علاج کے بارے میں دریافت کیا ،انہوں نے مریم کے علاج معالجے کیلئے ہسپتال انتظامیہ کو ضروری ہدایات دیں اور کہا کہ مریم کے علاج معالجے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے وزیراعلیٰ نے ڈاکٹروں کو مریم کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کا حکم بھی جاری کیا، انہوں نے بچی مریم کی والدہ سکینہ بی بی سے بھی ملاقات کی اور انہیں تسلی دی اور انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی وزیراعلیٰ نے کہا مریم پر تشدد اور جلانے کا واقعہ پورے معاشرے کیلئے لمحہ فکریہ ہے ، بچی مریم کے ساتھ انصاف ہو گا، ملزمان سزا سے نہیں بچ سکیں گے ، کیس پر ہونے والی پیشرفت کا خود جائزہ لوں گا اور دوبارہ بھی آپ کے پاس آوں گا۔ اس موقع پر نگران صوبائی وزراء ڈاکٹر جاوید اکرم،عامر میر اور سی سی پی او لاہور بلال کمیانہ بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔