محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر میں ادویات کے دستیاب سٹاک کا جائزہ اجلاس

01-24-2023

(لاہور نیوز) محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر میں سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کے دستیاب سٹاک کا جائزہ اجلاس ہوا۔

سیکرٹری صحت ڈاکٹر ارشاد احمد کی زیر صدارت اجلاس میں جان بچانے والی ادویات سمیت دیگر ادویات کی دستیابی اور موجودہ سٹاک پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ تمام سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کا سٹاک وافر مقدار میں موجود ہے۔ سیکرٹری صحت نے ہدایت کی کہ تمام ہیلتھ فیسلیٹیز اور مارکیٹوں میں ادویات کی قلت نہ ہونے پائے۔ ڈرگز کنٹرول ونگ مارکیٹوں میں ادویات کی ذخیرہ اندوزی، مصنوعی قلت کی روک تھام کے خلاف سخت اقدامات کرے۔ ادویات سٹاک کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے فارما کمپنیوں اور ڈریپ کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر رابطہ رکھا جائے۔ ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا محکمہ صحت کی جانب سے ادویات کی قلت کی روک تھام پر اقدامات کا اثر مارکیٹوں میں نظر آنا چاہیے۔ محکمہ صحت ادویات کی قلت پیدا کرنے والے عناصر پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔ اجلاس میں ڈی جی ڈرگز کنٹرول محمد سہیل، ایڈیشنل سیکرٹری ڈرگ کنٹرول ڈاکٹر قلندر خان اور چیف ڈرگ کنٹرولر اظہر جمال سلیمی کی شرکت ہوئی۔ چیف ڈرگ کنٹرولر کی جانب سے ادویات کے سٹاک کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔