ضلعی انتظامیہ کی نجی سکول مالکان کو طلبا کے لیے بسز کے انتظامات کی ہدایت

01-24-2023

(ویب ڈیسک) لاہور کی ضلعی انتظامیہ کے شہر کے 10 بڑے سکول مالکان کو تیس روز کے اندر طلبا و طالبات کو پک اینڈ ڈراپ سروسز فراہم کرنے کی ہدایت جاری کردی۔

ذرائع کے مطابق انسداد سموگ مہم کے تحت واٹر اینڈ انوائرمنٹ کمیشن نے نجی سکولوں کے مالکان کو طلباء و طالبات کو سکول لانے اور واپس لے جانے کے لیے سکول بسز کا بندوبست کرنے کی ہدایت کی تھی، سی ای او ایجوکیشن نے 10 نجی سکولوں کے مالکان کو بسز کا بندوبست نہ کرنے پر شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔ آج دس نجی سکول کے مالکان کی درخواست پر ڈی سی آفس لاہور میں سماعت ہوئی، ضلعی انتظامیہ نے تیس روز کے اندر نجی سکول مالکان کو بسز کا بندوبست کرنے کی ہدایت کردی۔ ڈی سی لاہور محمد علی کا کہنا تھا کہ دس نجی سکولوں کے مالکان کو طلباء و طالبات کے لئے بسز کے بندوبست کی ڈیڈ لائن دے دی ہے،سکولوں کے مالکان کو 30 دن کے اندر اندر بسز کا بندوبست یقینی بنائیں، ڈیڈ لائن کے بعد بسز کا بندوبست نہ کرنے پر ایک دن کا 20 ہزار روپیہ جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے بتایا کہ سکول مالکان کی جانب سے بسز کا بندوبست کرنے پر سموگ میں واضع کمی ہو گی، بعض سکولوں کے مالکان کی سماعت میں پیش نہ ہونے پر ڈی سی لاہور محمد علی سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پیش نہ ہونے والے سکول مالکان کو تنبیہ کردی۔