طالبہ تشدد کیس: انکوئری رپورٹ مرتب، سکول رجسٹریشن معطل‘6 لاکھ روپے جرمانہ کرنے کی سفارش

01-24-2023

(لاہور نیوز) چار طالبات کی جانب سے کلاس فیلو طالبہ پر تشدد کے معاملے پر ضلعی تعلیمی اتھارٹی لاہور نے انکوائری رپورٹ مرتب کر لی،کمیٹی نے سکول پر 6 لاکھ روپے جرمانہ اور رجسٹریشن معطل کرنے کی سفارش کر دی۔

انکوائری رپورٹ کے مطابق واقعہ ڈی ایچ اے فیز 4 کے ایک نجی سکول کے کیفے ٹیریا کے باہر پیش آیا۔ چار طالبات نے اپنی کلاس فیلو پر تشدد کیا ۔ انکوائری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سکول میں نظم و ضبط کا فقدان ہے. سکول کے کیفے ٹیریا کے داخلی راستے پر کیمرے بھی نصب نہیں ہیں۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ لڑائی جھگڑا کرنے والی طالبات آپس میں دوست تھیں، واقعہ سکول سے باہر سٹوڈنٹ پارٹی کی تصاویر والدین کے ساتھ شئیر کرنے پر پیش آیا۔  انکوائری افسران نے سکول کو چھ لاکھ روپے کا جرمانہ کرنے  کے ساتھ ساتھ سکول کی رجسٹریشن معطل کرنے کی سفارش کی ہے ۔ تشدد کرنے والی طالبات کے نام سکول سے خارج کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔ انکوائری ٹیم میں ڈی او زنانہ ایلیمنٹری ایجوکیشن لاہور، ڈپٹی ڈی او کینٹ اور ڈپٹی ڈی او ماڈل ٹاؤن شامل تھیں ۔ سی ای او ایجوکیشن لاہور نے انکوائری رپورٹ کو ڈی سی لاہور کو ارسال کر دیا۔ ڈی سی لاہور محمد علی کل سفارشات کی روشنی میں سکول کی رجسٹریشن کو معطل کرنے یا جرمانہ کا فیصلہ کریں گے۔ یادرہے کہ ڈی سی لاہور محمد علی نے سی ای او ایجوکیشن کو تشدد کے واقعہ کے بعد فوری انکوائری کرنے کی ہدایت کی تھی۔