مختصر دورانیہ کی فلم ’نام بدل دینا‘ کانز فلم فیسٹیول میں بہترین شارٹ فلم کیلئے نامزد
01-21-2023
(ویب ڈیسک) پاکستانی فلم 'نام بدل دینا' کانز ورلڈ فلم فیسٹیول کی بہترین شارٹ فلم کی فہرست میں شامل ہو گئی۔
پاکستانی ہدایتکارہ ارشیلا سلمان کی اس 26 منٹ کی شارٹ فلم میں اداکارہ حرا خان اور ارسلان خان نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ نام بدل دینا ویمن سائیکولوجی پر مبنی فلم ہے جس کی کہانی دو گہرے دوستوں کے گرد گھومتی ہے جو بہترین دوست ہونے کے ساتھ ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ جاتے ہیں۔ فلم کے ایگزیکٹیو پروڈیوسر نوید فاروقی کے مطابق انہوں نے اس فلم میں ایک میاں بیوی کے درمیان گہری دوستی اور محبت کو دکھانے کی کوشش کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے یا پھر بھارت میں بھی اس قسم کی شارٹ فلمیں نہیں بنتی جس میں میاں بیوی کے درمیان اچھے تعلقات دوستی اور سچے پیار کو صاف ستھرے انداز میں دکھایا جائے ۔ واضح رہے کہ کانز فلم فیسٹیول کی بہترین شارٹ فلم کی کیٹیگری میں پاکستانی فلم نام بدل دینا کے ساتھ مختلف ممالک کی 6 دیگر فلموں کے نام بھی فائنل فہرست میں شامل ہیں۔