محتسب پنجاب اعظم سلیمان کے حکم پر 20افراد کو سرکاری ملازمتیں فراہم

01-15-2023

( لاہور نیوز ) محتسب پنجاب میجر(ر) اعظم سلیمان خان کے حکم پرمختلف شہروں کے20افراد کو پنجاب سول سرونٹس رولز کے تحت سرکاری محکموں میں باقاعدہ ملازمتیں فراہم کر دی گئی ہیں۔

ایک بیان میں ترجمان نے بتایا کہ قاعدہ 17اے کے تحت ضلعی تعلیمی اتھارٹی لاہور میں 11ویں سکیل میں جونیئرکلرک بھرتی ہونے کے خواہشمند محمد ارسلان کی درخواست کی سماعت کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ تعلیمی اتھارٹی کے ماتحت قاعدہ 17کےتحت 31درخواستیں زیرغور ہیں۔ دفتر محتسب پنجاب کی ہدایت پر تعلیمی اتھارٹی کے زیر انتظام منعقدہ ٹائپنگ و قابلیت جانچنے کے امتحان میں کامیابی کے بعد 16اہل امیدواروں کو جونیئرکلرک بھرتی کر لیا گیا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ دفتر محتسب پنجاب کی جانب سے مختلف شکایات پر کارروائی کے نتیجے میں محکمہ ماہی پروری بھکر نے محمد اعظم کوجونیئرکلرک جبکہ ذیشان احمد کو ڈائریکٹر فشریز ایکوا پنجاب لاہور میں پانچویں سکیل میں ڈرائیور بھرتی کیاہے۔اس دوران دفتر محتسب پنجاب کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے محکمہ انہار نے اوکاڑہ کے اللہ دتہ کو بیلدار تعینات کر دیا ہےجبکہ خوشاب کی درخواست گزار شمیم اختر کے بیٹے کو نائب قاصد بھرتی کیا گیا ہے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ دفتر محتسب پنجاب کی ہدایت پر یونیورسٹی آف نارووال نے ایڈیشنل ڈائریکٹر اکیڈمیکس اینڈ کوآرڈنیشن کی 19ویں سکیل کی آسامی پر تقرری کے عمل کا ازسرنوجائزہ لیتے ہوئے متبادل امیدوار حسن عبداللہ کو تعینات کر دیا ہے۔