گرمی کی بڑھتی شدت کے ساتھ برف کی مانگ اور قیمتوں میں بھی اضافہ ہو گیا
05-13-2022
(لاہور نیوز) گرمی کی بڑھتی شدت کے ساتھ برف کی مانگ اور قیمتوں میں بھی اضافہ ہو گیا۔ برف کے ایک بلاک کی قیمت 700سے بڑھا کر 1000 روپے کر دی گئی۔ ہاف پٹی کی قیمت 150 روپے تک جا پہنچی۔
مئی کے مہینے میں گرمی اپنے رنگ دکھانے لگی۔ پینے کے ٹھنڈے پانی اور مشروبات کا استعمال بڑھ گیا۔ شہر بھر میں برف کی طلب اور قیمت میں بھی بڑا اضافہ ہو گیا۔ ایک ماہ کے دوران برف کے بلاک میں 300 روپے تک کا اضافہ ہو گیا۔ برف کا ایک بلاک 7 سو سے بڑھ کر ایک ہزار روپے تک میں فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح برف کی ہاف پٹی کی قیمت بھی 150 روپے تک جا پہنچی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گرم موسم میں ٹھنڈے پانی کا استعمال ضروری ہو جاتا ہے ایسے میں مہنگی برف خریدنا مشکل بنا دیا گیا ہے۔ دکانداروں نے عندیہ ظاہر کیا کہ آئندہ چند روز میں برف کے بلاک کی قیمت 12 سو روپے تک جا سکتی ہے۔