گزشتہ 3 برسوں سے نظر انداز شہر لاہور کی بھی سنی گئی
11-17-2021
(لاہور نیوز) شہر لاہور کے لیے ترقیاتی کاموں کے لیے 2023 تک کا پلان بنا لیا گیا۔ وزیراعظم نے لاہور کو 17 ارب روپے کا پیکج دیدیا۔ ایل ڈی اے مزید 10 میگا پراجیکٹس مکمل کرے گا۔
عام انتخابات 2023 کی تیاریاں یا حکومت لاہور پر مہربان ؟ گزشتہ 3 برسوں سے نظر انداز شہر لاہور کی بھی سنی گئی۔ عام انتخابات سے قبل 10 میگا پراجیکٹس مکمل کرنے کی تیاریاں شروع کر دیں۔ پنجاب حکومت نے شہر لاہور کے لیے 2023 تک کے منصوبہ جات کی پلاننگ کر لی۔ ڈی جی ایل ڈی اے نے 10 منصوبوں کی بریفنگ وزیراعظم عمران خان کو پیش کر دی۔ وزیراعظم عمران خان نے لاہور کے میگا پراجیکٹس ترجیحی بنیادوں پر شروع کرنے کا حکم دیدیا۔ ایل ڈی اے کی جانب سے وزیراعظم کو دی گئی بریفنگ کے نکات لاہور نیوز نے حاصل کر لیے۔ ایل ڈی اے نے 2023 تک ترقیاتی کاموں کے لیے 17 ارب 14 کروڑ 90 لاکھ روپے کا پیکج بنا لیا۔ کریم بلاک فلائی اوور و انڈر پاس کے لیے 2 ارب 55 کروڑ روپے مانگے گئے ہیں۔ لاہور کے اربن ڈویلپمنٹ انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے 10 ارب روپے طلب کئے گئے۔ فضل خان کالونی، بہادر آباد اور ملحقہ علاقوں کے لیے 11 کروڑ 95 لاکھ روپے مانگ لیے گئے۔ سگیاں روڈ کی بحالی کے لئے 2 ارب 99 کروڑ روپے کی استدعا کر دی گئی۔ خیرا ڈسٹری بیوٹری کی سڑک کے لیے 27 کروڑ 8 لاکھ روپے مانگ لیے گئے۔ گلشن احباب سے گوالہ کالونی کاہنہ فلائی اوور تک کے لیے 35 کروڑ 82 لاکھ روپے کا منصوبہ بنایا گیا۔ وزیراعظم نے آئندہ 2 سالوں میں 10 منصوبوں کو مکمل کرنے کا حکم بھی جاری کر دیا۔