8 ہزار ٹن کوڑا اٹھانے کیلئے شہر 6 زونز میں تقسیم
10-13-2019
(لاہور نیوز) لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے نیا انتظامی ڈھانچے کو تشکیل دینے کے لئے حتمی شکل دے دی۔ آٹھ ہزار ٹن کوڑا اٹھا کر ڈمپ کرنے کے لئے ورکنگ پیپرز تیار کر لئے گئے۔ ذرائع کے مطابق شہر کو چھ زونز میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔ ان میں راوی، عزیز بھٹی اور واہگہ، نشتر، اقبال، داتاگنج بخش اور سمن آباد، گلبرگ اور شالامار زون شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق نئے کنٹریکٹرز کی پریکوالیفکیشن سمیت نئے کنسلٹنٹ کی سلیکشن کا اشتہار دے دیا گیا۔ 14 اکتوبر کو حصہ لینے والے کنٹریکٹرز کو بلا کر پری بڈ میٹنگ کی جائے گی۔ 28 اکتوبر کو لوکل و انٹرنیشنل کمپنیز اپنے ڈاکومنٹس جمع کرائیں گے۔ کنٹریکٹ کے ایس او پیز کے مطابق کوئی ایک کنٹریکٹر تمام زون کے ٹھیکے حاصل کر سکتا ہے۔ چھ زونز کے کنٹریکٹ کے لئے ملکی و غیر ملکی سطح پر تشہیر کی جائے گی۔ کنٹریکٹ کے مطابق فی زون کنٹریکٹر کو لینڈ فل سائٹ کا حصہ الاٹ کیا جائے گا، فی زون کنٹریکٹرز کو سات سالہ مدت کا ٹھیکہ دیا جائے گا۔ پرانا انٹرنیشنل کنٹریکٹ فروری دو ہزار بیس میں ختم ہو جائے گا ، نیا کنٹریکٹ جون دوہزار بیس میں مکمل ہو گا ۔چار ماہ لاہور کو کیسے صاف رکھا جائے ،افسر تذبذب کا شکار ہیں ۔افسروں نے پلاننگ کے لئے فیصلہ سیکریٹری بلدیات پنجاب سے مشروط کر دیا ہے ۔