رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ کا فائنل کل پاکستان شاہینز اور سری لنکا اے کے درمیان کھیلا جائے گا

11-28-2026

(لاہور نیوز) رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل کل پاکستان شاہینز اور سری لنکا اے کے درمیان کھیلا جائے گا، پاکستان شاہینز چوتھی مرتبہ ٹائٹل جیتنے کے لیے پُرعزم ہے۔

قطر کے دارالحکومت دوحہ میں جاری ٹورنامنٹ کا فیصلہ کن معرکہ ویسٹ اینڈ انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ہو گا، جہاں دفاعی چیمپئن پاکستان شاہینز اور سری لنکا اے کی ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے مدمقابل ہوں گی۔ پاکستان شاہینز  نے ٹورنامنٹ کے 8 ایڈیشنز میں چھٹی مرتبہ فائنل تک رسائی حاصل کی اور ٹیم کی نظریں چوتھی مرتبہ چیمپئن بننے پر مرکوز ہیں، دفاعی چیمپئن نے رواں ایونٹ میں اب تک ناقابلِ شکست رہتے ہوئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ پاکستان شاہینز  نے گروپ مرحلے میں متحدہ عرب امارات، بھارت اے اور نیپال اے کو شکست دی، جبکہ سیمی فائنل میں بنگلادیش اے کو زیر کرکے فائنل میں جگہ بنائی۔