نفسیاتی مسائل کے باعث کسی طالب علم کا تعلیمی مستقبل متاثر نہیں ہونا چاہیے، خواجہ سلمان رفیق

11-28-2026

(لاہور نیوز) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں ہیلتھ پروفیشنلز کو نفسیاتی مشاورت فراہم کرنے کیلئے پہلے ڈیجیٹل پورٹل کا آغاز کر دیا گیا۔

صوبائی وزیر  نے طلبہ کے تمام سٹالز کا دورہ کیا، یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں طلبہ اور ہیلتھ پروفیشنلز کی ذہنی صحت اور طبی رہنمائی کے لیے ملک کے پہلے ڈیجیٹل پورٹل"کمپاس 360" جبکہ نفسیاتی مشاورت اور فلاح و بہبود کے لیے خصوصی مرکز "ہمراہ" کا افتتاح کر دیا گیا۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے وائس چانسلر میجر جنرل (ر) پروفیسر سہیل صابر کے ہمراہ فیملی میڈیسن کلینک اور ڈینٹل کلینک کا بھی افتتاح کیا۔ اس موقع پر یونیورسٹی میں مائنڈ میلہ 2026 کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں طلبہ نے 40 سے زائد سٹالز لگا کر ماڈلز، کھیلوں اور مشقوں کے ذریعے ذہنی صحت کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا۔       کمپاس 360 کے ذریعے طلبہ کی داخلے سے گریجویشن تک تعلیمی کارکردگی اور عملی تربیت کی نگرانی کی جائے گی جبکہ تعلیمی مشکلات کی بروقت نشاندہی، آن لائن نفسیاتی مشاورت اور انفرادی رہنمائی بھی فراہم کی جائے گی۔ طلبہ مالی مشکلات، ہاسٹل اور گھریلو مسائل کے حوالے سے بھی معاونت حاصل کر سکیں گے۔  اس اقدام کا آغاز یو ایچ ایس کے شعبہ بیہوریل سائنسز، انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ اور پاکستان انسٹیٹیوٹ آف لیونگ اینڈ لرننگ کے اشتراک سے کیا گیا ہے۔       اس موقع پر خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ذہنی صحت کو جسمانی صحت کے برابر اہمیت دینا ضروری ہے، ذہنی پریشانی چھپانے کے بجائے بروقت مدد حاصل کی جانی چاہیے۔