لاہور کے پٹرول پمپس پر سائبر فراڈ بے نقاب، 14 ملزمان گرفتار

11-28-2026

(لاہور نیوز) لاہور میں پٹرول پمپس پر خفیہ الیکٹرانک ڈیوائسز اور موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے شہریوں کو کم پٹرول فراہم کرکے لوٹنے کا بڑا سائبر فراڈ بے نقاب ہو گیا۔

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے چار پٹرول پمپس سے منسلک 14 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے لاہور زون عاطف امیر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ایسا سائبر فراڈ پکڑا گیا ہے جس کا ہر شہری کسی نہ کسی صورت شکار ہو رہا تھا، دو ایپلی کیشن ڈویلپرز کو گرفتار کرکے ان کی نشاندہی پر لاہور کے چار پٹرول پمپس کے خلاف کارروائی کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ جوہر ٹاؤن، لاہور کینٹ، گلشن راوی اور بند روڈ پر واقع چار پٹرول پمپس پر بیک وقت چھاپے مارے گئے، چاروں مقامات پر الیکٹرانک ڈیوائسز کے ذریعے فیول ڈسپینسنگ مشینوں میں مداخلت کرکے شہریوں کو مقررہ رقم کے مقابلے میں کم پٹرول فراہم کیا جا رہا تھا۔ عاطف امیر کے مطابق موبائل ایپلی کیشن کی مدد سے پٹرول پمپس کی مشینوں کو کنٹرول کیا جاتا تھا، اس طریقہ واردات کے ذریعے 10 ہزار روپے کا پٹرول ڈلوانے والے شہری کو صرف 6 ہزار روپے کا پٹرول فراہم کیا جا رہا تھا جبکہ باقی رقم مبینہ طور پر فراڈ کے ذریعے وصول کی جاتی تھی، چاروں پٹرول پمپس نے ایک سال کے دوران شہریوں سے مبینہ طور پر 40 کروڑ روپے لوٹے، یہ رقم دراصل ان شہریوں کا نقصان ہے جنہیں کم مقدار میں پٹرول فراہم کیا گیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران دو ایپ ڈویلپرز کو گرفتار کیا گیا، جن سے حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر پٹرول پمپس کی نشاندہی ہوئی اور مزید کارروائیاں عمل میں لائی گئیں، پٹرول پمپ مالکان کی مرضی اور شمولیت کے بغیر اس نوعیت کا فراڈ ممکن نہیں تھا، متعلقہ پٹرول پمپ مالکان کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے اور ان کے بیرون ملک سفر پر پابندی عائد کرنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ عاطف امیر کا کہنا تھا کہ اوگرا کو بھی باقاعدہ خط لکھ دیا گیا ہے تاکہ پٹرول پمپس پر ہونے والے سائبر فراڈ کا نوٹس لیا جائے، پٹرول پمپ مالکان کو واضح پیغام ہے کہ اگر کوئی اب بھی اس غیر قانونی سرگرمی میں ملوث ہے تو اس کے خلاف کارروائی ہو گی، پیکا ایکٹ پر اب مؤثر انداز میں عملدرآمد کروایا جائے گا، کسی بھی الیکٹرانک ڈیوائس کے ذریعے جرم کیا گیا تو این سی سی آئی اے کارروائی کرے گا، جبکہ ایپلی کیشنز تیار کرنے والے ڈویلپرز پر بھی نظر رکھی جا رہی ہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر کے مطابق ملزمان کے خلاف پیکا ایکٹ کی دفعات 5، 13 اور 14 سمیت پاکستان پینل کوڈ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کئے گئے ہیں، ملزمان سے ہونے والی ریکوری حکومت کو جمع کروائی جائے گی، اب تک مجموعی طور پر 14 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ مزید ملوث افراد کے خلاف بھی کارروائی جاری رہے گی۔ عاطف امیر نے کہا کہ یہ کیس ادارے کیلئے خصوصی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ اس فراڈ سے عام شہری متاثر ہو رہے تھے، کسی بھی ڈیوائس یا ایپلی کیشن کے ذریعے سائبر کرائم کرنے والوں کو قانون کے مطابق کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔