این سی اے لاہور میں تین روزہ عالمی اجلاس، مشترکہ ثقافتی ورثے کے تحفظ پر غور
11-28-2026
(لاہور نیوز) نیشنل کالج آف آرٹس (این سی اے) لاہور میں ای سی او ممالک کی آرٹس یونیورسٹیوں کے سربراہان کا دوسرا بین الاقوامی اجلاس شروع ہو گیا۔
تین روزہ اجلاس 28 سے 30 نومبر تک جاری رہے گا، جس میں ای سی او کے 10 رکن ممالک سمیت فلسطین اور مصر کے نمائندگان شرکت کر رہے ہیں، اجلاس کا انعقاد نیشنل کالج آف آرٹس لاہور، ای سی او کلچرل انسٹی ٹیوٹ اور ایران یونیورسٹی آف آرٹ کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے، افتتاحی تقریب میں سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان اور سابق اٹارنی جنرل پاکستان اشتر اوصاف علی نے شرکت کی۔ اجلاس کے مرکزی موضوعات میں مشترکہ ثقافتی ورثے کا تحفظ، اس کی تشریح اور ثقافتی سیاحت کا فروغ شامل ہیں، اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ تاریخی ورثے کے تحفظ کیلئے مضبوط قانونی ڈھانچہ اور مؤثر پالیسی سازی ناگزیر ہے، صرف انتظامی اقدامات کافی نہیں، بلکہ قوانین پر عملدرآمد بھی یقینی بنانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بھی تاریخی ورثے کے تحفظ سے متعلق قوانین پر عملدرآمد کی پابند ہونی چاہئے اور اگر حکومت قوانین پر عملدرآمد نہیں کرتی تو اسے بھی جواب دہ ہونا چاہئے، تاریخی عمارتوں اور نوادرات کے تحفظ کیلئے مؤثر سکیورٹی انتظامات کیے جانے چاہئیں۔ ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ متعدد تاریخی مقامات اب بھی باضابطہ طور پر تاریخی ورثہ قرار نہیں دیئے گئے، جس کے باعث ان کے تحفظ کو خطرات لاحق ہیں، ثقافتی ورثے کا تحفظ محض سیاسی معاملہ نہیں بلکہ معاشرتی اور تہذیبی ترقی سے جڑا اہم موضوع ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے این سی اے کی تاریخی ورثے اور نوادرات کے تحفظ کیلئے کوششوں کو سراہتے ہوئے ادارے کو مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔ تین روزہ بین الاقوامی اجلاس میں علاقائی ثقافتی روابط اور فنون لطیفہ میں بین الاقوامی تعاون کے فروغ پر بھی غور کیا جا رہا ہے، اس دوران آرٹس یونیورسٹیوں کے درمیان تعلیمی، تحقیقی اور ثقافتی تعاون بڑھانے، مشترکہ تحقیقی منصوبوں، طلبہ و اساتذہ کے تبادلوں اور ثقافتی نمائشوں کے انعقاد سے متعلق تجاویز زیر بحث آئیں گی۔ این سی اے کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مرتضیٰ جعفری نے علاقائی ثقافتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے بین الاقوامی اجلاس مختلف ممالک کے فنون، ثقافت اور تعلیمی اداروں کے درمیان تعاون کے نئے مواقع فراہم کرتے ہیں۔