ایل ڈی اے سٹی، سڑکوں پر تعمیراتی ملبہ اور میٹریل پھینکنے پر جرمانے کی منظوری
11-28-2026
(لاہور نیوز) ایل ڈی اے نے ایل ڈی اے سٹی میں سڑکوں، فٹ پاتھوں اور عوامی مقامات پر تعمیراتی میٹریل اور ملبہ رکھنے والے پلاٹ مالکان اور بلڈرز کے خلاف جرمانے عائد کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایل ڈی اے سٹی میں تعمیراتی میٹریل سڑکوں پر پھینکنے اور عوامی مقامات پر رکھنے کی خلاف ورزی پر مختلف شرح سے جرمانے عائد کیے جائیں گے، پانچ مرلہ پلاٹ کے مالک کو 10 ہزار روپے، دس مرلہ پلاٹ پر 20 ہزار روپے جبکہ دو کنال کے پلاٹ پر 40 ہزار روپے جرمانہ ہو گا۔ ایل ڈی اے سٹی سپروائزری کمیٹی کی سفارشات پر اتھارٹی نے جرمانوں کی منظوری دی ہے، فیصلے کے مطابق خلاف ورزی کی صورت میں پہلے متعلقہ پلاٹ مالک یا بلڈر کو تعمیراتی میٹریل اور ملبہ ہٹانے کیلئے باضابطہ نوٹس جاری کیا جائے گا، تاہم نوٹس پر عملدرآمد نہ کرنے یا بار بار خلاف ورزی کرنے کی صورت میں جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ منظور شدہ پالیسی کے تحت سڑکوں اور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچانے کی صورت میں جرمانے کے علاوہ مرمت اور بحالی کے اخراجات بھی متعلقہ پلاٹ مالک سے وصول کئے جا سکیں گے، جرمانوں کی وصولی کیلئے اتھارٹی کے اجلاس کے منٹس جاری ہونے کے بعد باقاعدہ عملدرآمد شروع ہو گا۔ دوسری جانب متاثرہ پلاٹ مالک یا بلڈر کو جرمانے کے خلاف ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل اربن پلاننگ ایل ڈی اے کے سامنے نظرثانی کی درخواست دائر کرنے کا حق بھی حاصل ہو گا۔