غیر قانونی پٹرول پمپ کے خلاف کریک ڈاؤن، ملزم گرفتار، فلنگ اسٹیشن سیل

11-28-2026

(لاہور نیوز) ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل نے غیر قانونی پٹرول پمپس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے لاہور میں واقع آشیانہ فلنگ اسٹیشن پر چھاپہ مار کر پٹرولیم مصنوعات کی غیر قانونی فروخت میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان ایف آئی اے لاہور زون کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت اصغر علی کے نام سے ہوئی ہے، جو محکمہ ایکسپلوسوز کے لازمی K-Form کے بغیر پٹرولیم مصنوعات فروخت کر رہا تھا۔ ایف آئی اے ٹیم نے کارروائی کے دوران آشیانہ فلنگ اسٹیشن کو سیل کر دیا جبکہ ملزم کو حراست میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، ترجمان کے مطابق واقعے کا مقدمہ نمبر 128/26 درج کر لیا گیا ہے جبکہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ غیر قانونی طور پر پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔