پنجاب کے تمام سرکاری سکولوں میں سکیورٹی اور نظم و ضبط سخت کرنے کا حکم

11-28-2026

(لاہور نیوز) پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں میں سکیورٹی، نظم و ضبط اور تعلیمی سرگرمیوں کی سخت نگرانی کا حکم جاری کر دیا گیا ہے۔

چیف ایگزیکٹو افسران ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کو سکولوں میں سکیورٹی انتظامات اور ڈسپلن یقینی بنانے کیلئے خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، جاری احکامات کے مطابق سکول اوقات کے دوران اجازت کے بغیر کسی بھی طالب علم کو سکول سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہو گی، ہیڈ ٹیچرز، اساتذہ اور دیگر عملے کو سکولوں میں نظم و ضبط برقرار رکھنے اور ہدایات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا پابند کیا گیا ہے۔ حکامات میں سکولوں کی تعلیمی سرگرمیاں اور امتحانات کی تیاری پیکٹا (PECTAA) کے مقررہ نصاب اور امتحانی پیٹرن کے مطابق کروانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے تاکہ طلبہ کی تعلیمی تیاری کو مؤثر بنایا جا سکے۔ دوسری جانب طلبہ سے صفائی، جھاڑو یا دیگر غیر تدریسی کام کرانے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، کسی بھی طالب علم، خواہ وہ لڑکا ہو یا لڑکی، سے صفائی یا غیر متعلقہ کام نہیں کروایا جا سکے گا، احکامات کے مطابق طلبہ سے غیر تدریسی کام کروانے والے ہیڈ ٹیچرز، اساتذہ اور دیگر عملے کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ سکولوں میں سکیورٹی، نظم و ضبط اور تعلیمی سرگرمیوں کی نگرانی ہیڈ ٹیچرز اور اساتذہ کی بنیادی ذمہ داری قرار دی گئی ہے، چیف ایگزیکٹو افسران ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کو تمام احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے اور خود سکولوں کی نگرانی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔