پنجاب میں کوڑا کرکٹ کی غیر قانونی ڈمپنگ، بڑے شہر گرین ہاؤس گیسز کے ہاٹ سپاٹس بننے لگے
11-28-2026
(لاہور نیوز) پنجاب بھر میں سالڈ ویسٹ کی غیر مناسب تلفی ماحولیاتی خطرات میں اضافے کا سبب بننے لگی، صوبے کے بڑے شہر لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، ملتان اور فیصل آباد گرین ہاؤس گیسز کے اخراج کے ممکنہ ہاٹ سپاٹس بننے لگے ہیں۔
ذرائع کے مطابق لاہور میں روزانہ تین ہزار ٹن سے زائد کوڑا کرکٹ جمع کرکے ڈمپ کیا جا رہا ہے، جبکہ غیر قانونی طریقے سے کوڑا تلف کرنے کے باعث فضائی آلودگی اور سموگ میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ کوڑا ڈمپنگ کے ماحولیاتی اثرات کے حوالے سے لاہور نمایاں متاثرہ شہر ہے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب کی بارہ کروڑ سے زائد آبادی سے روزانہ تقریباً پچاس ہزار ٹن سالڈ ویسٹ پیدا ہوتا ہے، جسے جمع کرنے اور ٹھکانے لگانے پر سالانہ تقریباً 150 ارب روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔ اعدادوشمار کے مطابق شہری علاقوں میں فی کس روزانہ 0.45 کلوگرام جبکہ دیہی علاقوں میں 0.32 کلوگرام فضلہ پیدا ہوتا ہے۔ صوبے کی 147 تحصیلوں میں فضلہ تلف کرنے کے غیر مناسب طریقوں کے باعث زیرِ زمین پانی کی آلودگی کے خدشات بھی سامنے آئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پنجاب میں پیدا ہونے والے سالڈ ویسٹ میں 55 فیصد کچن ویسٹ، 14 فیصد پلاسٹک اور 12 فیصد ڈائپر ویسٹ شامل ہے، جبکہ فضلے میں 60 فیصد سے زائد نمی ہونے کے باعث اسے جلانا بھی مناسب طریقہ نہیں سمجھا جاتا۔ دوسری جانب فضلہ جمع کرنے کی مجموعی کارکردگی 70 سے 80 فیصد بتائی جاتی ہے۔ کھلے مقامات پر فضلہ تلف کرنے کے نتیجے میں سالانہ 13 سے 16 ملین ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے مساوی گرین ہاؤس گیسز خارج ہونے کا تخمینہ بھی سامنے آیا ہے۔ ماہرین کے مطابق کچرے کے کھلے ڈھیروں اور غیر مناسب ڈمپنگ سے میتھین سمیت دیگر گرین ہاؤس گیسز خارج ہوتی ہیں، جو عالمی حدت میں اضافے کے ساتھ شہری فضائی آلودگی اور ماحولیاتی مسائل کو بھی بڑھا سکتی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کوڑا ڈمپنگ کے باعث زیرِ زمین پانی کی آلودگی اور فضائی آلودگی کے اسباب کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ حکام ستھرا پنجاب اتھارٹی کے مطابق ماحولیاتی اثرات سے متعلق ورکنگ جاری ہے اور رپورٹ مرتب کرکے پنجاب حکومت کو بھجوائی جائے گی۔