کم عمر شادی کرنے والی لڑکیوں کو دارالامان بھیجنے کے احکامات کالعدم قرار

11-28-2026

(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے کم عمر شادی کرنے والی لڑکیوں کو دارالامان بھیجنے سے متعلق اہم فیصلہ جاری کرتے ہوئے مجسٹریٹ کے احکامات کالعدم قرار دے دیئے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے 9 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں قرار دیا ہے کہ مجسٹریٹ محض بیان ریکارڈ کرکے کسی کم عمر لڑکی کو دارالامان بھیجنے کا حکم نہیں دے سکتا، اس کیلئے قانونی اختیار اور مناسب وجوہات کا ہونا ضروری ہے۔ عدالت نے فیصلے میں واضح کیا کہ 18 سال سے کم عمر لڑکی کی شادی کے بعد شوہر کے ساتھ رہائش قانون کے خلاف ہے، کم عمر لڑکی کی رضامندی سے شادی بھی اسے شوہر کے ساتھ رہنے کا قانونی حق فراہم نہیں کرتی۔ تحریری فیصلے میں قرار دیا گیا کہ کم عمر لڑکی کی اپنی مرضی ہی اس کی رہائش اور تحویل کے حوالے سے حتمی فیصلہ نہیں ہو سکتی، اس معاملے میں لڑکی کی عمر، تحفظ، تعلیم اور بہترین مفاد کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔ لاہور ہائیکورٹ نے مزید قرار دیا کہ کسی لڑکی کو دارالامان میں زبردستی رکھنا قانونی فیصلے کا متبادل نہیں ہو سکتا اور دارالامان بھیجنے کیلئے مجسٹریٹ کے پاس قانونی اختیار ہونا لازمی ہے۔ عدالت نے دونوں لڑکیوں کو فوری رہا کرنے یا کسی کے حوالے کرنے کا حکم دینے کے بجائے انہیں آئندہ سماعت تک دارالامان میں رکھنے کا عبوری حکم جاری کیا ہے، فیصلے کے مطابق سیشن جج ملتان دونوں لڑکیوں سے الگ الگ ملاقات کرکے رپورٹ عدالت میں پیش کریں گے، سیشن جج کو ہدایت کی گئی ہے کہ لڑکیوں کی عمر، تحفظ اور رہائش کے متبادل انتظامات کا جائزہ لیا جائے۔ جسٹس طارق سلیم شیخ نے فیصلے میں اس امر پر بھی زور دیا کہ بچوں کی خواہشات کے ساتھ ان کے تحفظ، تعلیم اور بہترین مفاد کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے، لاہور ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں دارالامان میں رکھنے سے متعلق مجسٹریٹ کے احکامات ختم کرتے ہوئے دونوں لڑکیوں کے معاملے میں آئندہ قانونی کارروائی کیلئے سیشن جج ملتان سے رپورٹ طلب کر لی۔