محنت کشوں کے تحفظ کیلئے انسپیکشن مہم، صنعتی و تجارتی اداروں کی چیکنگ

11-28-2026

(لاہور نیوز) صوبائی وزیر لیبر و افرادی قوت محمد منشاء اللہ بٹ کی ہدایت پر محنت کشوں کے تحفظ اور صنعتی و تجارتی اداروں میں محفوظ ماحول کی فراہمی کیلئے پنجاب بھر میں خصوصی انسپیکشن مہم جاری ہے۔

سیکرٹری لیبر پنجاب ثمن رائے کی ہدایت پر محکمہ لیبر کی خصوصی ٹیموں نے رواں ہفتے لاہور سمیت صوبے بھر کے 565 صنعتی و تجارتی اداروں کے انسپیکشن وزٹس کئے، انسپیکشن مہم کا مقصد پیشہ ورانہ صحت و سلامتی ایکٹ 2019 پر عملدرآمد یقینی بنانا، ممکنہ خطرات کی نشاندہی اور محنت کشوں کیلئے حفاظتی اقدامات کو مؤثر بنانا ہے۔ انسپیکشن کے دوران صنعتی و تجارتی اداروں کی انتظامیہ اور عملے کو پیشہ ورانہ صحت و سلامتی (OHS) کے اقدامات سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی، جبکہ حفاظتی انتظامات میں خامیوں کی نشاندہی پر وارننگز اور ایڈوائزری نوٹس بھی جاری کیے جا رہے ہیں۔ محکمہ لیبر کے مطابق لاہور میں 119، فیصل آباد میں 93، راولپنڈی میں 47 اور ملتان میں 46 انسپیکشن وزٹس کیے گئے، اسی طرح گوجرانوالہ میں 44، سیالکوٹ میں 42، بہاولپور میں 39، سرگودھا میں 38، گجرات میں 34، ڈیرہ غازی خان میں 33 جبکہ ساہیوال میں 31 صنعتی و تجارتی اداروں کا معائنہ کیا گیا۔ صوبائی وزیر لیبر و افرادی قوت محمد منشاء اللہ بٹ کا کہنا تھا کہ انسپیکشن مہم کا بنیادی مقصد صنعتی و تجارتی اداروں میں ممکنہ خطرات کی بروقت نشاندہی اور محنت کشوں کے تحفظ کیلئے ضروری اقدامات یقینی بنانا ہے، صوبے بھر میں صنعتی و تجارتی اداروں کی انسپیکشن کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محنت کشوں کو محفوظ اور صحت مند ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، صنعتی و تجارتی اداروں میں حفاظتی قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے انسپیکشن کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچاؤ اور کارکنوں کی صحت و سلامتی کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔