آٹے کی بلا تعطل فراہمی کیلئے فلور ملز کے خلاف کارروائیاں، بھاری جرمانے

11-28-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر صوبہ بھر میں آٹے کی بلا تعطل فراہمی اور سرکاری نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے کیلئے محکمہ خوراک پنجاب کی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔

 ڈی جی فوڈ پنجاب سیف انور جپہ نے پنجاب کے مختلف شہروں کے ہنگامی دورے کیے اور فلور ملز کی چیکنگ کے دوران خلاف ورزیوں پر کارروائیاں اور جرمانے عائد کیے۔ ڈی جی فوڈ پنجاب سیف انور جپہ کے مطابق صوبہ بھر میں 9 ہزار 281 دکانوں پر شہریوں کیلئے سبسڈائزڈ آٹا دستیاب ہے، جبکہ 10 کلو آٹے کا تھیلا سرکاری نرخ 1275 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے، فلور ملز کو مجموعی طور پر 9 ہزار 271 میٹرک ٹن سرکاری گندم جاری کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور ڈویژن کی 2620 دکانوں پر سبسڈائزڈ آٹے کے 2 لاکھ 48 ہزار سے زائد تھیلے فراہم کیے گئے ہیں، جبکہ نجی مارکیٹ میں 15 کلو آٹے کے 7 لاکھ 50 ہزار سے زائد تھیلے بھی فراہم کیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو آٹے کی دستیابی میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ڈی جی فوڈ پنجاب کے مطابق ایک روز کے دوران صوبہ بھر میں 34 فلور ملز کے خلاف کارروائی کی گئی جبکہ 48 فلور ملز کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے، فیصل آباد ڈویژن میں 11 اور سرگودھا ڈویژن میں 8 فلور ملز کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی، جبکہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں فلور ملز کو 19 شوکاز نوٹس جاری کیے گئے۔ اسی طرح رحیم یار خان اور ساہیوال میں ایک ایک فلور مل کا لائسنس معطل کر دیا گیا، خلاف ورزیوں پر فلور ملز کو مجموعی طور پر ایک لاکھ 20 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ ڈی جی فوڈ پنجاب سیف انور جپہ کا کہنا تھا کہ آٹے کی بلا تعطل فراہمی اور سرکاری نرخوں پر فروخت یقینی بنانے کیلئے فلور ملز اور مارکیٹوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، شہریوں کو مقررہ سرکاری نرخوں پر آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے صوبہ بھر میں چیکنگ اور کارروائیاں جاری رہیں گی۔