کم عمر ڈرائیورز، بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے والوں کیخلاف دو روزہ جنرل ہولڈ اپ کا حکم

11-28-2026

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت میں کم عمر ڈرائیورز اور بغیر لائسنس گاڑیاں و موٹرسائیکلیں چلانے والوں کے خلاف آج اور کل خصوصی کریک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا گیا۔

چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے ہفتہ اور اتوار کے روز شہر بھر میں جنرل ہولڈ اپ کا حکم دیتے ہوئے کم عمر ڈرائیورز، بغیر لائسنس ڈرائیونگ، تیز رفتاری اور خطرناک انداز میں گاڑیاں چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کر دی۔ سی ٹی او لاہور کے مطابق ہفتہ اور اتوار کو کم عمر ڈرائیورز گھر سے موٹرسائیکلیں، گاڑیاں اور رکشے لے کر سڑکوں پر آجاتے ہیں، جبکہ کم عمری میں ڈرائیونگ ٹریفک حادثات اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کی بڑی وجہ بن رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کم عمر ڈرائیورز کے کریمنل ریکارڈ کی ذمہ داری ان کے والدین پر عائد ہوگی۔ بغیر لائسنس گاڑی یا موٹرسائیکل چلانے والوں کی گاڑیاں بند کی جائیں گی، جبکہ کم عمر ڈرائیورز کی موٹرسائیکل صرف جووینائل پرمٹ دکھانے پر چھوڑی جائے گی۔ سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ لرنر پرمٹ پر گاڑی چلانے کی ہرگز اجازت نہیں، لائسنس دفاتر کے باہر بھی خصوصی ہولڈ اپ کیا جائے گا۔ تیز رفتاری، خطرناک ڈرائیونگ اور ہلڑ بازی کرنے والوں کے خلاف براہ راست مقدمات درج کیے جائیں گے۔ سی ٹی او نے سرکل افسران کو اپنی نگرانی میں کریک ڈاؤن یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کم عمری میں کار اور موٹرسائیکل چلانا کسی صورت قابل قبول نہیں۔