سی بی ڈی پنجاب کے فلیگ شپ منصوبے تکمیل کے قریب
11-28-2026
(لاہور نیوز) سی بی ڈی پنجاب کے فلیگ شپ ترقیاتی منصوبے تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہیں۔ اس سلسلے میں سی ای او سی بی ڈی پنجاب عمران امین نے سی بی ڈی لیک، سی بی ڈی واک اور سیکنڈ واک کے ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر آرکیٹیکچر اینڈ پلاننگ سمیر آفتاب سیال اور سینئر ڈائریکٹر پراجیکٹ مینجمنٹ آصف اقبال بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دورے کے دوران سی ای او سی بی ڈی پنجاب عمران امین کو مختلف منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ حکام کے مطابق سی بی ڈی لیک کی ڈھلوان اور بیس پر ماربل کی تنصیب مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ ماربل کی رگڑائی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ اسی طرح سی بی ڈی واک کے تمام یونٹس مکمل کر لیے گئے ہیں اور ان کی بیرونی سطح پر ٹراورٹائن کی تنصیب کا کام بھی مکمل ہو چکا ہے۔ عمران امین نے زیرِ زمین انرجی سینٹر کی سائٹ کا بھی معائنہ کیا، جہاں منصوبے کی کھدائی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ سیکنڈ واک کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ 20 یونٹس کے بیسمنٹ، گراؤنڈ اور فرسٹ فلور کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے، جبکہ سیکنڈ فلور کی شٹرنگ کا کام جاری ہے۔ اس موقع پر سی ای او سی بی ڈی پنجاب عمران امین نے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں میں تعمیراتی معیار، بروقت تکمیل اور جدید انفراسٹرکچر کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سی بی ڈی پنجاب کے منصوبوں کو بہترین انجینئرنگ اور بین الاقوامی معیار کے مطابق مکمل کرنے کے لیے بھرپور کوششیں جاری ہیں۔ عمران امین نے مزید کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے لاہور کو جدید کاروباری مواقع، بہتر شہری سہولیات اور عالمی معیار کا انفراسٹرکچر میسر آئے گا، جو شہر کے مستقبل کے شہری اور معاشی منظرنامے کو مزید بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔