جناح ہسپتال، گیٹ کیپر لگوانے کیلئے رشوت، ملزم عبدالرؤوف کی درخواست ضمانت خارج

11-27-2026

(لاہور نیوز) اینٹی کرپشن عدالت نے جناح ہسپتال میں گیٹ کیپر تعینات کروانے کیلئے رشوت لینے کے مقدمے میں دو ملزمان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سنا دیا۔

 اینٹی کرپشن کورٹ کے جج محمد جمیل نے ملزمان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، عدالت نے ملزم عبدالرؤوف کی درخواست ضمانت خارج جبکہ شریک ملزم یاسر کی ضمانت منظور کرنے کا حکم دے دیا، دونوں ملزمان جناح ہسپتال کے ملازمین ہیں اور ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک شہری سے ہسپتال میں گیٹ کیپر تعینات کروانے کے عوض رشوت طلب کی تھی۔ مقدمے کے مدعی کے مطابق اس نے ملزمان سے کہا تھا کہ گیٹ کیپر کی اچھی کمائی ہوتی ہے، مجھے وہاں تعینات کروا دیں، جس پر ملزمان نے مبینہ طور پر 15 ہزار روپے رشوت طلب کرتے ہوئے کہا کہ 15 ہزار روپے دو، ہسپتال میں گیٹ کیپر لگوا دیتے ہیں، مدعی نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ سیکریٹریٹ سے جناح ہسپتال میں اپنا تبادلہ کروانے کیلئے ملزمان کو رشوت دینے پر آمادہ ہوا تھا۔ اینٹی کرپشن حکام کے مطابق دونوں ملزمان کو رشوت وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا تھا، جس کے بعد ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی گئی۔ دورانِ سماعت عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزم عبدالرؤوف کی درخواست ضمانت مسترد کر دی جبکہ شریک ملزم یاسر کی درخواست ضمانت منظور کر لی، عدالت کے فیصلے کے بعد دونوں ملزمان کی ضمانت سے متعلق الگ الگ احکامات جاری کر دیئے گئے۔