لاہور میں آٹے کی ذخیرہ اندوزی کیخلاف بڑا کریک ڈاؤن، 4 دکانیں سیل، 2 تاجر گرفتار، سینکڑوں تھیلے برآمد

11-27-2026

(لاہور نیوز) ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن علی اعجاز کی ہدایت پر شہر بھر میں آٹے کی ذخیرہ اندوزی، غیر قانونی سپلائی اور گراں فروشی کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ خوراک اور پیرا ٹیموں نے مختلف علاقوں میں مشترکہ کارروائیاں کرتے ہوئے 4 دکانیں سیل جبکہ 2 تاجروں کو گرفتار کر لیا۔

انتظامی ٹیموں نے اسلام پورہ، کرشن نگر، رائیونڈ، کینٹ، شالیمار اور دیگر علاقوں میں چیکنگ کے دوران اسلام پورہ اور کرشن نگر سے آٹے کے 182 تھیلے برآمد کیے۔ غیر قانونی اسٹاک رکھنے پر 4 ہوٹل سیل کرکے 100 آٹے کے تھیلے ضبط کر لیے گئے۔ الخیر نان شاپ سے 18 تھیلے ضبط کیے گئے جبکہ چمن بریانی کو تنبیہ جاری کی گئی۔ تحصیل شالیمار میں ایک نجی اسٹور کے مالک کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا گیا۔ اسی طرح داتا ٹریڈرز کے ریکارڈ میں 806 آٹے کے تھیلوں کی کمی سامنے آنے پر مالک کو گرفتار کرکے ایف آئی آر درج کر دی گئی۔ دوسری جانب تحصیل سٹی میں 108 رجسٹرڈ دکانوں پر آٹے کی سپلائی کا ریکارڈ تسلی بخش پایا گیا جبکہ رائل رولر فلور ملز کے ریکارڈ کی موقع پر تصدیق بھی کی گئی۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق تمام تحصیلوں میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 1,275 روپے کے مقررہ نرخ پر دستیاب بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ چیکنگ کے دوران تندوروں اور ہوٹلوں کو سبسڈی والے آٹے کی غیر قانونی منتقلی کی نشاندہی بھی کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ جیو ٹیگ شدہ دکانوں پر آٹے کی سپلائی کا ریکارڈ چیک کیا جائے، فلور ملز کے کوٹے اور دکانوں کے ریکارڈ کا موازنہ کیا جائے اور ذخیرہ اندوزی، غیر قانونی سپلائی اور گراں فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ شہریوں کو مقررہ نرخوں پر آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور اس معاملے میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ ذخیرہ اندوزوں اور بلیک مارکیٹ میں ملوث عناصر سے بلاامتیاز نمٹا جائے گا جبکہ مقرر کردہ دکانیں آٹے کی دستیابی اور سرکاری نرخ پر فروخت یقینی بنائیں۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ آٹے کی گراں فروشی یا عدم دستیابی کی شکایت کنٹرول روم نمبر 03070002345 پر درج کروائیں۔