پولٹری مصنوعات کی سپلائی بدستور متاثر، مرغی کا گوشت 22 روپے فی کلو سستا

11-27-2026

(لاہور نیوز) ملک بھر میں پولٹری مصنوعات کی سپلائی بدستور متاثر ہونے کے باعث مارکیٹ میں قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، برائلر مرغی کے نرخوں میں کمی کا اعلان کیا گیا ہے، تاہم عام مارکیٹ میں صافی گوشت بدستور من مانے داموں فروخت ہو رہا ہے، جبکہ فارمی انڈوں کی قیمت میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق برائلر گوشت کی سرکاری قیمت میں 22 روپے فی کلو کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نیا سرکاری نرخ 613 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے برعکس پرچون بازاروں میں دکاندار سرکاری نرخ نامے کو نظر انداز کرتے ہوئے صافی گوشت 680 روپے فی کلو تک فروخت کر رہے ہیں۔ اسی طرح زندہ برائلر کی قیمت میں بھی 15 روپے فی کلو کمی واقع ہوئی ہے، جس کے بعد زندہ برائلر کا ہول سیل ریٹ 409 روپے اور پرچون ریٹ 423 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے۔ دوسری جانب فارمی انڈوں کی طلب اور کھپت کے مقابلے میں سپلائی متاثر ہونے کی وجہ سے ان کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں۔ تازہ ترین نرخ نامے کے مطابق فارمی انڈے مزید ایک روپے فی درجن مہنگے ہو کر 308 روپے فی درجن کی سطح پر پہنچ گئے ہیں، جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں انڈوں کی پیٹی 9 ہزار 120 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے۔