پنجاب سوشل سکیورٹی ہسپتالوں میں محنت کشوں کو طبی سہولیات کی فراہمی

11-27-2026

(لاہور نیوز) محکمہ لیبر و انسانی وسائل محنت کشوں اور ان کے اہل خانہ کو معیاری اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے متحرک ہے۔

پنجاب سوشل سکیورٹی کے زیر انتظام ہسپتالوں میں محنت کشوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کا سلسلہ جاری ہے، اس حوالے سے کمشنر سوشل سکیورٹی ڈاکٹر ذوالفقار علی کھرل کی زیر صدارت ہیڈ آفس میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب بھر کے سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کی گزشتہ چار ماہ کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ چار ماہ کے دوران پنجاب سوشل سکیورٹی ہسپتالوں میں لاکھوں محنت کشوں کو آؤٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ (او پی ڈی) کے ذریعے طبی سہولیات فراہم کی گئیں، اس دوران 11 ہزار سے زائد بڑے اور 21 ہزار سے زائد معمولی نوعیت کے آپریشن کیے گئے، جبکہ 13 ہزار سے زائد مریضوں کو ڈائیلاسز کی سہولیات فراہم کی گئیں، چار ماہ کے دوران سوشل سکیورٹی ہسپتالوں میں مختلف نوعیت کے 17 لاکھ سے زائد لیبارٹری ٹیسٹ بھی کئے گئے۔ ترجمان پنجاب سوشل سکیورٹی، محکمہ لیبر کے مطابق محنت کشوں اور ان کے اہل خانہ کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، جبکہ ہسپتالوں کی کارکردگی اور طبی سہولیات کی فراہمی کو بہتر بنانے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ بھی جاری ہے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ سوشل سکیورٹی ہسپتالوں میں ڈیپ کلیننگ اور بیوٹیفکیشن مہم شروع کر دی گئی ہے، اس مہم کے تحت ہسپتالوں کی عمارتوں کی تزئین و آرائش، وائٹ واشنگ، رنگ و روغن اور فرنیچر کو جدید معیار کے مطابق بہتر بنایا جا رہا ہے۔ محکمہ لیبر و انسانی وسائل کے مطابق ان اقدامات کا مقصد محنت کشوں اور ان کے اہل خانہ کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات کے ساتھ صاف ستھرا اور معیاری ہسپتال کا ماحول فراہم کرنا ہے۔