لاہور ہائیکورٹ میں 5 سول ججز بطور ریسرچ آفیسر تعینات

11-27-2026

(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب بھر میں تعینات پانچ سول ججز کم مجسٹریٹس کے تبادلے کرتے ہوئے انہیں ہائیکورٹ کے ریسرچ سینٹر میں بطور ریسرچ آفیسر تعینات کر دیا۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم کی منظوری کے بعد رجسٹرار آفس نے 25 نومبر 2026 کو باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق محمد امتیاز باجوہ، فہد خان سرور، محمد اویس، ملک علی میران اور کاشف افتخار کو ریسرچ آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔ محمد اویس کا گوجرانوالہ، ملک علی میران کا راولپنڈی جبکہ کاشف افتخار کا ننکانہ صاحب سے تبادلہ کیا گیا ہے، جبکہ محمد امتیاز باجوہ اور فہد خان سرور پہلے ہی لاہور میں تعینات تھے۔ نوٹیفکیشن میں تمام متعلقہ عدالتی افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے موجودہ عہدوں کا چارج چھوڑ کر 28 نومبر 2026 تک لاہور ہائیکورٹ میں نئی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ پانچوں ریسرچ آفیسرز کی تعیناتی ہائیکورٹ کی موجودہ خالی آسامیوں پر بغیر متبادل کی گئی ہے۔ ان کی تعیناتی دو سال کے لیے ہوگی، جس کا شمار چارج سنبھالنے کی تاریخ سے کیا جائے گا، جبکہ انہیں چارج سنبھالنے کی تاریخ سے گریڈ 19 کے مطابق تنخواہ اور مراعات دی جائیں گی۔ نوٹیفکیشن کی نقول سپریم کورٹ، وفاقی آئینی عدالت، حکومت پنجاب اور دیگر متعلقہ اداروں کو بھی ارسال کر دی گئی ہیں۔