لاہور پولیس کا کریک ڈاؤن، 1430 اشتہاری اور عدالتی مفرور گرفتار

11-27-2026

(لاہور نیوز) لاہور پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور مختلف سافٹ ویئرز کی مدد سے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرتے ہوئے رواں سال 1,430 اشتہاری اور عدالتی مفرور ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان لاہور پولیس کے مطابق ٹریول آئی سافٹ ویئر کی مدد سے رواں سال 80 لاکھ 89 ہزار سے زائد افراد کا ریکارڈ چیک کیا گیا، جبکہ ہوٹل آئی سافٹ ویئر کے ذریعے 13 لاکھ 48 ہزار سے زائد مسافروں کی جانچ پڑتال کی گئی، اسی طرح سمارٹ آئی سافٹ ویئر کے ذریعے 30 ہزار سے زائد غیر ملکی شہریوں کا ریکارڈ بھی چیک کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران 1,154 اشتہاری ملزمان اور 276 عدالتی مفروروں کو حراست میں لیا گیا، جبکہ دورانِ چیکنگ 2,904 افراد کا مختلف مقدمات میں مجرمانہ ریکارڈ بھی سامنے آیا۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے پولیس افسران کو ہدایت کی ہے کہ مسافروں کے روپ میں سفر کرنے والے مطلوب مجرمان کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جائے اور تمام مسافروں کا ڈیٹا پولیس سافٹ ویئرز میں درج کرنے کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ مطلوب ملزمان کی نشاندہی اور گرفتاری کیلئے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے نیٹ ورک سے بھرپور استفادہ کیا جائے اور جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے ذریعے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لائی جائے۔ سی سی پی او لاہور کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اشتہاری ملزمان کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے جرائم کی روک تھام اور محفوظ معاشرے کا قیام یقینی بنایا جا رہا ہے۔